Cloud Front

اسٹیج اداکارہ کے قتل میں ملوث چار ملزمان گرفتار

ملزم اور اس کے دیگر ساتھی اداکارہ کے ساتھ کام بھی کرتے تھے جنہیں مرکزی ملزم رانا مزمل نے ادکارہ کے قتل کے لیے بطور شوٹر استعمال کیا

لاہور: پولیس نے اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کے قتل میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی آئی اے کینٹ پولیس نے اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن میں مرکزی ملزم رانا مزمل اور اس کے ساتھی رانا فہیم، رانا تجمل اور شاہد جنجوعہ شامل ہیں۔

مرکزی ملزم رانا مزمل کی مقتول اداکارہ سے گزشتہ 6 سال سے دوستی تھی جب کہ ملزم اور اس کے دیگر ساتھی اداکارہ کے ساتھ کام بھی کرتے تھے جنہیں مرکزی ملزم رانا مزمل نے ادکارہ کے قتل کے لیے بطور شوٹر استعمال کیا۔نمائندہ کے مطابق ملزم رانا مزمل اداکارہ قسمت بیگ کو فیصل ا آباد میں ڈرامہ کرنے کا کہہ رہا تھا اور با بار اسرار کے باوجود اداکارہ نے ڈرامہ کرنے سے انکار کردیا

جس پر ملزم نے اپنے تین ساتھیوں کو اداکارہ کے قتل کا حکم دیا، تینوں ملزمان رانا فہیم، رانا تجمل اور شاہد جنجوعہ کرائے کی گاڑی لے کر گوجرانوالہ سے لاہور پہنچے جہاں انہوں نے ہربنس پورہ میں قسمت بیگ پر فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا، ملزمان نے قتل کی واردات کے بعد رانا مزمل کو آگاہ کیا۔ پولیس نے جیو فینسنگ کے ذریعے موبائل کالز کا ڈیٹا اکٹھا کیا اور فیصل آباد سے رانا مزمل کو گرفتار کرلیا اور دوران تفتیش اس کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کو بھی گوجرانوالہ سے گرفتار کرلیا گیا، چاروں ملزمان پولیس کی تحویل میں ہیں جن سے مزید تفتیش بھی جاری ہے۔