Cloud Front

ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط

قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک 1ارب 20کروڑ ڈالر فنڈز دیگا
آسٹریلیا نے بھی پاکستان کو45کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ جس کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے 1ارب 20کروڑ ڈالر فنڈز دے گا جبکہ آسٹریلیا نے بھی پاکستان کو45کروڑ آسٹریلین ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی ۔ تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ شریک ہوئے۔

سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ نے معاہدے پر د ستخط کئے معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ایک ارب20کروڑ ڈالر امداد دے گا،معاہدے کی تقریب میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نے بھی شرکت کی جس نے پاکستان کو 45کروڑ ڈالر فنڈز دینے کا اعلان کیا ہے ۔، تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ معاہدے سے مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے میں مدد ملے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک سے تعاون کے معاہدے کے تحت 20کروڑ ڈالر کی پہلی قسط پر آج دستخط کئے ہیں ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ معاہدے کے لئے طویل عرصے سے مذاکرات جاری تھے۔

2دہائیوں سے پاکستان نے کئی مرتبہ قدرتی آفات کا سامنا کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک فنڈز 5اقساط میں دے گا۔ اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ورٹر یسپک نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے پاکستان سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ مستقبل میں پاکستان سے مزید معاہدے کئے جا سکتے ہیں۔ پاکستان سے شراکت داری پر خوشی ہے اور پاکستان کیساتھ شراکت داری کیلئے بہتر طریقہ کار واضح کر رہی ہیں۔ جس سے پاکستان بھی قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بہتر طریقہ کار وضع کر سکے گا۔