Cloud Front
Saqlain Mushtaq

اپنوں کو قدر نہیں غیروں نے سر آنکھوں پر بٹھا لیا

انگلینڈ نے ثقلین مشتاق سے بھارت سے ون ڈے سیریز میں بھی انگلش بولرز کی رہنمائی کیلیے معاہدہ کر لیا

لندن: پاکستان کرکٹ بورڈ ثقلین مشتاق کو لفٹ کرانے کیلیے تیار نہیں مگر انگلینڈ نے انھیں گلے لگانے کیلیے بانہیں پھیلا دی ہیں، سابق ٹیسٹ اسٹار کے ساتھ بھارت سے ون ڈے سیریز میں بھی انگلش بولرز کی رہنمائی کیلیے معاہدہ کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ’’دوسرا‘‘ کے موجد سابق پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق نے بطور کوچ بھی دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا مگر اپنے ملک میں انھیں اہمیت نہیں ملتی،ماضی میں وہ دو بار کوچنگ کیلیے درخواست دے چکے مگر بورڈ نے ای میل کا جواب تک دینا گوارا نہ کیا، وہ اب برطانوی شہریت کے حامل مگر گذشتہ کچھ عرصے سے دوبارہ پاکستان منتقل ہو چکے ہیں، ماضی میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز ، بنگلہ دیش اور انگلینڈ ان کی خدمات حاصل کر چکے،

انگلش بورڈ نے بھارت سے جاری ٹور کے ابتدائی 2 ٹیسٹ کیلیے ثقلین سے معاہدہ کیا تھا۔اس دوران اسپنرز معین علی اور عادل رشید کی بہتر بولنگ نے تیسرے میچ تک انھیں بھارت میں روکنے کا جواز فراہم کر دیا، عادل18 اور معین 7 وکٹوں کے ساتھ انگلینڈ کے بولنگ چارٹ کی ابتدائی دو پوزیشنز پر موجود ہیں انھوں نے کہا کہ گوکہ میں دنیا بھر میں اسپنرز کی رہنمائی کرتا ہوں مگر میرا دل پاکستان کیلیے دھڑکتا ہے، مجھے اس ملک نے بہت کچھ دیا اور اب میں اسے لوٹانا چاہتا ہوں، پی سی بی جب بھی میری خدمات حاصل کرنا چاہے میں تیار ہوں گا، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر نے گذشتہ دنوں مجھ سے ملاقات میں کہا تھا کہ وہ میری خدمات سے استفادہ چاہتے ہیں مگر پھر بات چیت مزید آگے نہ بڑھی۔