Cloud Front
aleem khan

نعیم الحق اور علیم خان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے

سنٹرل پنجاب کا صدر ہوں ،قومی اسمبلی کا ٹکٹ کس کو دینا ہے یہ میرا اختیار ہے ، نعیم الحق اپنے میڈیا سیل پر توجہ دیں،عبدالعلیم خان

لاہور: تحریک انصاف کے دو اہم رہنماؤں ترجمان نعیم الحق اور وسطی پنجاب کے صدر عبد العلیم خان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے جبکہ علیم خان کا کہنا ہے کہ سنٹرل پنجاب کا صدر ہوں،قومی اسمبلی کا ٹکٹ کس کو دینا ہے یہ اختیار میرے پاس ہے ، نعیم الحق اپنے میڈیا سیل پر توجہ دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق این اے 125میں جنرل الیکشن میں تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا مقابلہ کیا تھا جس میں خواجہ سعد رفیق جیت تو گئے تھے لیکن یہ حلقہ بھی ان ہی چار حلقوں میں شمار ہوا جن کے بارے میں سپریم کورٹ نے تحقیقات کا حکم دیا تھا ۔

چند روز قبل عبد العلیم خان نے اس حلقے سے خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیااور پریس ریلیز جاری کی ۔اس کے جواب میں نعیم الحق نے گزشتہ روز پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس حلقے سے کون الیکشن لڑے گا ،اس بات کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ میں کیا جائے گا ۔نعیم الحق کی اس پریس ریلیزکا جواب دیتے ہوئے عبد العلیم خان نے کہا کہ میں پارٹی کا سنٹرل پنجاب کا صدر ہوں ،اس لیے مجھے پورا اختیار ہے کہ کس کو قومی اسمبلی کے حلقے کے لیے ٹکٹ دینا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نعیم الحق کو اپنے میڈ یا سیل پر توجہ دینی چاہیے ۔