Cloud Front
fog

لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید دھند کا راج، کئی شہروں میں حد نگاہ صفر

ائیر پورٹ و موٹروے بند،دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، ترجمان موٹر وے پولیس

لاہور: پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جب کہ کئی شہروں میں حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق لاہور، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، قصور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے بیشتر شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے جب کہ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ اور فیصل آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی روک دیا گیا ہے۔

شدید دھند کے باعث اسکول اور دفاتر جانے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے بعد حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹر وے کو لاہور سے شیخوپورہ اور اسلام آباد جب کہ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سفر کرنا ہے تو جی ٹی روڈ کو استعمال کیا جائے اور فوگ لائٹس جلا کر کانوائے کی صورت میں سفر کیا جائے۔