Cloud Front
Abdul Qadir

یاسر شاہ نے کبھی بھی مجھ سے مشورہ نہیں مانگا وہ شین وارن کو آئیڈیل مانتے ہیں ، عبدالقادر

ایک بار مجھے جاوید میانداد کی موجودگی میں سیکرٹری پی سی بی نے کپتانی کی آفر کی مگر میں نے ٹھکرادی تھی ، انٹرویو

کراچی: سابق عظیم اسپن ماسٹر عبدالقادر نے کہ ہے کہ گگلی اور فلپر کے بغیر یاسر شاہ کو مشکل کا سامنا رہے گا، وہ کہتے ہیں کہ شاید انہیں گیند پر گرپ میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک انٹرویو میں عبدالقادر کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھے بولر ہیں ، جب میں 2009 میں چیف سلیکٹر تھا تب بھی وہ ہمارے پلان میں تھے، وہ ان 20 پلیئرز میں شامل تھے جن کے بارے میں میں نے پی سی بی سے کہاتھا کہ وہ مستقبل کے حوالے سے ان پلیئرز پر نظر رکھے۔ بغیر گگلی اور فلپر کے ایک لیگ اسپنر کو کسی نہ کسی موقع پر مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہی چیز میں نے ان میں بھی دیکھی ہے، میرے خیال میں وہ گگلی کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر وہ سیدھی چلی جاتی ہے ،

جہاں تک ان کی فلپر کا تعلق ہے تو شاید انھیں گیند پر گرفت میں مشکل درپیش آتی ہے۔ایک سوال پر عبدالقادر نے واضح کیا کہ یاسر شاہ نے کبھی ان سے اپنی بولنگ کے حوالے سے مشورہ نہیں مانگا، وہ کہتے ہیں کہ مجھے اس پر کوئی حیرت بھی نہیں ہے کیونکہ وہ شین وارن کو اپنا آئیڈیل سمجھتے اور ان سے ہی ملنے کے خواہاں رہتے ہیں، بہت سے بولرز میرے پاس آئے جن میں شین وارن، انیل کمبلے، شاہد آفریدی ، اسٹورٹ میک گل شامل ہیں اب یہ ان پر ہے کہ وہ اس بات کا مجھے کریڈٹ دیتے ہیں یا نہیں۔عبدالقادر نے آسٹریلیا کے اپنے 1983 کے واحد ٹور میں مکمل طور پر ناکام رہنے کی بڑی وجہ وہاں کی ریتلی آؤٹ فیلڈ کو قرار دیا۔عبدالقادر نے کہا کہ ایک بار پی سی بی کے سابق سیکریٹری حسیب احسان نے انھیں جاوید میانداد کی ٹیم میں موجودگی کے باوجود کپتان بنانے کی پیشکش کی تھی مگر انھوں نے اسے ٹھکرا دیا تھا، وہ کہتے ہیں کہ تب میانداد ایچ بی ایل کی ٹیم میں میرے کپتان تھے میں ان کو بائی پاس کیسے کرسکتا تھا