Cloud Front
donald trump

ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے کاروبار سے علیحدگی کا اعلان مؤخر

واشنگٹن : امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے کاروبار سے الگ ہونے سے متعلق اعلان مؤخر کر دیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس میں یہ اعلان کرنے والے تھے کہ وہ کس طرح عہدہ صدارت پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے اپنے کاروبار سے علیحدگی اختیار کریں گے۔اب ان کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ یہ اعلان جنوری میں کریں گے۔اسی اثنا میں انھوں نے اپنے اقتصادی مشیر کا بھی اعلان کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کاربار سے علیحدگی سے متعلق اعلان اس لیے مؤخر کیا ہے کیونکہ وہ اس وقت اعلیٰ حکومتی تقرریاں کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔

ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ تاخیر اس لیے کی گئی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تمام پروٹوکول پورے ہوئے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکہ اور بین الاقوامی سطح پر پھیلے ہوئے کاروبار میں ہوٹلز اور گالف کورسز شامل ہیں جن میں سے دو سکاٹ لینڈ میں ہیں۔ اس کے لیے کئی املاک اور ہوٹلوں، دفاتر اور رہائشی عمارات میں ان کا حصہ ہے۔گذشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹس میں کہا تھا کہ عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد وہ مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے اپنے کاروبار سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔