Cloud Front
Former DG ISI

وزیراعظم سے سبکدوش ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات ، ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال

نوازشریف نے لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کی بطور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی خدمات کو سراہا

اسلام آباد : وزیرا عظم نوازشریف سے لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے الوداعی ملاقات کی ۔دونوں رہنماؤں نے ملکی سلامتی و امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرا عظم سے آئی ایس آئی میں بطور ڈائریکٹر جنرل خدمات پیش کر نے والے لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے ملاقات کی جس میں ملکی سلامتی کے امور اور امن وامان کے قیام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے سبکدوش ہو چکے ہیں اور اب وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر بن گئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ بالخصوص آپریشن ضرب عضب کے دوران آئی ایس آئی کا کردار قابل تعریف ہے ،ملک سے جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے اور دہشت گردوں کے صفایا کے لئے آئی ایس آئی نے پاک فوج کیساتھ ملکر کام کیا اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی خدمات کی تعریف کی اور نئی ذمہ داریوں اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جنرل رضوان اختر بطور صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کیلئے سود مند ثابت ہوں گے اوروہ ملک و قوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔