Cloud Front
national-assembly

سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ، تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی

اسلام آباد : تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی ۔ تحریک التواء سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر جمع کرائی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر بحث کرائی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرائی ۔ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی ، شیریں مزاری اور منزہ حسن نے قومی اسمبلی میں جمع کرائی۔ تحریک التواء میں وفاقی وزیر داخلہ کی کالعدم تنظیموں سے ملاقات کا معاملہ اٹھایا گیا ہے ۔

تحریک کے متن میں درج ہے کہ سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ میں وزیر داخلہ کی ناکامی کا ذکر کیا گیا ہے اور حکومت کے انفراسٹرکچر میں خامیوں کا ذکر بھی کمیشن رپورٹ میں کیا گیا ہے ۔ تحریک التواء کے متن میں مزید درج ہے کہ سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ میں حکومت بلوچستان کی ناکامی اور سیاسی قیادت کی کرپشن کا ذکر ہے کرپشن کے باعث دہشتگردوں کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی ۔ تحریک التواء میں مزید کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق بھی کمیشن نے سوالات اتھائے ہیں ۔ تحریک انصاف کی تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ انتہائی اہم ہے قومی اسمبلی کی کارروائی روک کر کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر بحث کرائی جائے ۔