Cloud Front
ECP

جعلی ڈگری و دہری شہریت پر نااہل ہونیوالوں نے بھی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا

لاہور: بلدیاتی الیکشن میں جعلی ڈگری اور دہری شہریت پر نااہل قراردیئے گئے ایم پی اے حاجی ناصر محمود اور ایم این اے زاہد اقبال چودھری نے بھی حصہ لیا ۔تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے اپنے ہی فیصلے کی نفی کرتے ہوئے نااہل ارکان اسمبلی کو انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دی اور جعلی ڈگری کے معاملے پر نااہل ہونے والے ایم پی اے حاجی ناصر محمود نے اس رعایت کا فائدہ اٹھایا اور بلامقابلہ گجرات کے میئر منتخب ہو گئے ۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر دو ہزار آٹھ میں پنجاب کے ضلع گجرات کے صوبائی حلقہ ایک سو گیارہ سے انتخاب لڑا تھا اور کامیاب ہوئے تھے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے ان کو نااہل قرار دے کر ان کی اسمبلی کی رکنیت ختم کر دی تھی ، وہ جعلی ڈگری کیس میں ڈیڑھ سال قید کی سزا بھی بھگت چکے ہیں ۔ دوہری شہریت پر نااہل ہونیوالے ایم این اے زاہد اقبال چودھری ضلع کونسل ساہیوال کی چیئرمین شپ کیلئے ن لیگ کے امیدوار ہیں ۔ وہ این اے 162 ساہیوال سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے ۔ ریٹرننگ افسر اور الیکشن ٹربیونل نے دہری شہریت پر انہیں نااہل قرار دے دیا تھا ۔