Cloud Front
Australia vs Pakistan

میلبورن ٹیسٹ بارش کے باعث روک دیا گیا

پاکستان نے چائے کے وقفے سے قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنا لئے
اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں

میلبورن: میلبورن ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے جب کہ میچ کو بارش کے باعث روک دیا گیا ہے۔آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے چائے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے کہ میچ بارش کے باعث روک دیا گیا۔ اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم 18 کے مجموعی اسکور پر سمیع اسلم 9 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کو کیچ تھما بیٹھے۔بابر اعظم بھی 23 کے انفرادی اسکور پر ہیلز وڈ کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اظہر علی نے اپنی ففٹی مکمل کرنے کے ساتھ رواں برس ٹیسٹ میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کئے۔ قومی ٹیم کا سکور 111 رنز پر پہنچا تو یونس خان جیکسن برڈ کی ان سوئنگ گیند پر بولڈ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز اسکور کئے، یونس اور اظہر کے درمیان 51 رنز کی شراکت ہوئی۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے ناتھن لیون کو چھکا لگا کر اپنا کھاتا کھولا لیکن 11 کے انفرادی اسکور پر وہ بھی جیکسن برڈ کی گیند پر شارٹ لیگ پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔قبل ازیں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ راحت علی کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے والی آسٹریلین ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔