Cloud Front
Salman bin aziz

شام کے لیے سعودی عرب میں 10 کروڑ ریال جمع کرنے کی مہم شروع

سعودی عوام شامی بھائیوں کے لیے دل کھول کرامداد دیں:شاہ سلمان

جدہ : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے شام کی مظلوم عوام کے ساتھ گہری ہمدری اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شامی بھائیوں کے لیے دل کھول کرامداد دیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق خادم الحرمین الشریفین کی ہدایت پر ملک گیر مہم شروع کر دی گئی ہے جس میں شامی عوام کے لیے امداد جمع کی جائے گی۔سعودی عرب کے شاہی دفتر سے جاری شاہ سلمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے شہرحلب اور دوسرے علاقوں میں ستم رسیدہ شامی بھائیوں کی مدد ہم سب کی ذمہ داری ہے اور تمام شہریوں کو مشکلات اور مصائب میں گھرے شامی شہریوں کی دل کھول کر امداد دینی چاہیے۔

شاہ سلمان نے شام میں خانہ جنگی سے متاثرہ شہریوں کے لیے 10 کروڑ ریال جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس امدادی مہم کی نگرانی اور سرپرستی شاہ سلمان ریلیف سینٹر کررہا ہے تاہم ملک میں ریلیف اور امدادی مہمات چلانے والے دوسرے ادارے بھی اس کار خیر میں پیش پیش ہیں۔ سعودی عرب میں جمع کی جانے والی امدادی رقم سے شام میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کے لیے ادویات، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات جمع کی جائیں گی۔شامی عوام کے لیے شروع کی جانے والی امدادی مہم میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 20 ملین ریال، ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز نے 10 ملین اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز کی جانب سے 8 ملین ریال کی رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔