Cloud Front
fog

پنجاب میں دھند نے ڈیرے ڈال لئے ، موٹر وے مختلف مقامات پر بند

لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ، اندرون اور بیرون ملک جانے والی متعدد پروازوں کے رخ موڑ دیئے گئے

لاہور : پنجاب کے بیشتر حصوں میں دھند نے ڈیرے جما لئے ، موٹر وے لاہور سے شیخوپورہ ، پنڈی بھٹیاں ، فیصل آباد اور گوجرہ تک بند ، لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ، اندرون اور بیرون ممالک جانے والی بیشتر پروازوں کے رخ موڑ دیئے گئے۔ دھند دھند اور اندھا دھند ، پنجاب کے بیشتر حصوں میں دھند نے ڈیرے ڈال لئے۔ ہر طرف دھواں دھواں موسم ، باغوں کے شہر لاہور میں بھی دھند کی سفید چادر تنی رہی۔

لاہور سے شیخوپورہ ، پنڈی بھٹیاں ، فیصل آباد اور گوجرہ تک موٹر وے بند رہی۔ کمال پور انٹرچینچ سے پنڈی بھٹیاں اور گوجرہ سے فیصل آباد سیکشن بھی متاثر ہوا ، چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض کا کہنا ہے کہ بارشیں نہ ہونے تک دھند کا سلسلہ مزید جاری رہے گا۔ ادھر نیشنل ہائی وے پر لاہور سے بہاولپور تک اکثر مقامات پر حدنگاہ صفر ریکارڈ کی گئی۔ جھنگ اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ کوٹ مومن اور گرد و نواح میں شدید دھند رہی ، حد نگاہ صفر رہی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز اور دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس کا استعمال کریں ،

دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ سے اندرون اور بیرون ممالک جانے والی پروازیں متاثر ہوئیں ، ترجمان پی آئی اے کے مطابق فلائٹ آپریشن جزوی طور پرمتاثر ہوا۔ ریاض سے لاہور آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے سیون ٹو سکس جبکہ صلالہ سے لاہور کیلئے پی آئی اے کی پرواز پی کے ٹو تھری سکس کو بھی کراچی اتارا گیا۔ ابوظہبی سے ملتان آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے ٹو نائن فور کا رخ اسلام آباد اور اسلام آباد سے دبئی جانیوالی پرواز پی کے ٹو تھری تھری کا رخ شارجہ موڑ دیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے حدّ نگاہ بہتر ہوتے ہی پروازیں مقررہ ہوائی اڈوں پر پہنچ جائیں گی۔