Cloud Front
Warner

وارنر لنچ سے قبل سنچری بنانے والے پانچویں بلے باز بن گئے

سڈنی : آسٹریلین اوپنرز ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 78 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور لنچ سے قبل تین ہندسوں کی اننگز کھیلنے کرکٹ کی تاریخ کے پانچویں بلے باز بن گئے۔جارح مزاج آسٹریلین اوپنر نے سڈنی میں پاکستان کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں تمام پاکستانی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور 17 چوکوں کی مدد سے محض 78 گیندوں پر سنچری بنائی اور کھانے کے وقفے سے قبل ہی یہ کارنامہ انجام دیا۔کرکٹ کی تاریخ میں وہ لنچ سے قبل سنچری بنانے والے محض پانچویں کھلاڑی ہیں۔

لنچ سے قبل سنچری بنانے کا اعزاز سب سے پہلے 1902 میں آسٹریلیا کے وکٹر ٹرمپر نے انگلینڈ کے خلاف حاصل کیا تھا۔اس کے بعد 1926 میں آسٹریلیا ہی کے ماکارٹی اور 1930 میں سر ڈونلڈ بریڈ مین نے حاصل کیا۔46 سال بعد پاکستان کے ماجد خان نے کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف یہی کارنامہ انجام دیا اور آج ڈیوڈ وارنر بھی ان عظیم کھلاڑیوں کی صف میں شامل ہو گئے۔