Cloud Front
dangal

عامر خان کی ’’دنگل‘‘ سب سے زیادہ کمائی والی تیسری فلم بن گئی

فلم نے بھارت میں 13 روز میں ہی 304 کروڑ سے زائد کمائی کرکے ’’پی کے‘‘ کا ریکارڈ توڑ دیا

ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ نے کمائی کے تمام ریکارڈ اپنے نام کرلیے جو بھارت میں 300 کروڑ سے زائد کی کمائی کرکے فلم نگری کی تیسری بڑی فلم بن گئی ہے۔بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ نے باکس آفس پر دھوم مچا رکھی ہے اور فلم ایک کے بعد ایک ریکارڈ اپنے نام کرتے جارہی ہے جب کہ فلم باکس آفس پر تیز ترین 250 کروڑ کمائی کرنے والی فلم تھی ہی لیکن اب فلم بھارت میں 300 کروڑ سے زائد کی کمائی کرکے تیسری بڑی فلم بن گئی ہے۔

عامر خان کی فلم نے بھارت میں 13 دنوں میں 304 کروڑ38 لاکھ کا بزنس کرکے 2014 میں ریلیز ہونے والی ان ہی کی فلم ’’پی کے‘‘ کا 17 روز میں اتنی کمائی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جب کہ فلم دنگل نے ڈومیسٹک سطح پر کمائی میں سلمان خان کی فلم ’’سلطان‘‘ کو بھی مات دے دی ہے جس نے مجموعی طور پر 300.1 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔دوسری جانب فلم دنگل دنیا بھر میں بھی تیزی سے بزنس کررہی ہے اور فلم امریکا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 162 کروڑ 83 لاکھ کا بزنس کرچکی ہے۔واضح رہے کہ عامر خان کی فلم ’’پی کے‘‘ 340 کروڑ کمائی کے ساتھ پہلی اور سلمان خان کی فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ 320 کروڑ کی کمائی کرکے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی دوسری فلم ہے۔