Cloud Front
Fawad Ch

عدالت میں ثابت کیا مریم نواز بینی فشل مالک اور نواز شریف کی بے نامی ہیں :فواد چوہدری

چیئر مین نیب نے شریف خاندان کیساتھ مل کر منی لانڈرنگ کا کھیل کھیلا ہے،ترجمان تحریک انصاف

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدالت میں ثبوت پیش کردئیے گئے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مریم نواز منروا کی بینیفشل آنر ہیں اور وہ وزیر اعظم نواز شریف کی بے نامی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیئر مین نیب نے شریف فیملی کو بچانے کے لیے کردار ادا کیا اس لیے سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ بینچ سپریم جوڈیشل کونسل کو ریفرنس بھیجے۔ پاناما لیکس کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز منروا کی بینیفشل آنر ہیں جو نیلسن اور نیسکول کی مالک ہیں اور لندن فلیٹس کی بھی مالک ہیں سپریم کورٹ میں پیش کیے گئے

دستاویزات سے ثابت کیا ہے کہ مریم نواز ٹرسٹی نہیں بلکہ مالک ہیں۔انہوں نے کہا کہ حسین نواز نے وزیراعظم کو 74کروڑ روپے تحفے کے طور پر دئیے جن پر ٹیکس ادا نہیں کیا گیا ،چیئر مین نیب نے شریف خاندان کے ساتھ مل کر منی لانڈرنگ اور مختلف معاملات پر کھیل کھیلا ہے لہذا سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کو ریفرنس بھیجا جائے۔فواد چوہدری نے بتا یا کہ2011میں وزیراعظم نے مریم نواز کو چا ر کروڑ روپے دئیے ، 2012میں پانچ کروڑ روپے تحفے میں دئیے ،2013میں تین کروڑ روپے دئیے جبکہ حسن نواز نے مریم نواز کو دو کروڑ سے زائد کا قرضہ دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ساری ٹرانزیکشن نواز شریف کے اردگرد گھومتی ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ منروا کے پیسے نواز شریف کے تھے اور مریم نواز اپنے والد نواز شریف کی بے نامی ہیں۔