Cloud Front
Tayyaba

تشدد کا شکارکمسن ملازمہ طیبہ کا پمز میں طبی معائنہ مکمل

طیبہ کے بھائی اور والدین کے خون کے نمونے بھی حاصل کر لیے،ایک گھنٹہ لگا کر بچی کا مکمل چیک اپ ہوا، خون کے ٹیسٹ سمیت تشدد کے نشانات کا بھی جائزہ لیا گیا ، ڈاکٹر جاوید اکرم

اسلام آباد: ایڈیشنل سیشن جج کے گھر تشدد کا شکار ہونے والی کم سن گھریلو ملازمہ طیبہ کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا،طیبہ کے بھائی اور والدین کے خون کے نمونے بھی حاصل کر لیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر جاوید اکرم کی سربراہی میں پمز اسپتال کے 5 رکنی میڈیکل بورڈ نے طیبہ کاطبی معائنہ مکمل کر لیا ہے، ڈاکٹر جاوید اکرم کے علاوہ ماہر نفسیات ڈاکٹر عاصمہ، برن سرجن ڈاکٹر طارق، پلاسٹک سرجن ڈاکٹر حمید اور جنرل سرجن ڈاکٹر ایس ایچ وقار بھی میڈیکل بورڈ کا حصہ تھے۔

وائس چانسلر پمز ڈاکٹر جاوید اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچی کے معائنہ کے لیے اعلی سطح کا بورڈ بنایا گیا جن میں پلاسٹک جنرل سرجن اور ماہرنفسیات بھی شامل تھے، ایک گھنٹہ لگا کر بچی کا مکمل چیک اپ ہوا اور خون کے ٹیسٹ سمیت دیگر تمام تشدد کے نشانات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ طیبہ کے بھائی اور والدین کے خون کے نمونے بھی حاصل کر لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول جانے کی عمر کے بچے گھروں میں کام کر رہے ہیں ان بچوں کو گھریلو ملازم رکھنے پر پابندی لگائی جائے جب کہ ہماری خواہش ہے کہ طیبہ کو انصاف ملے تاکہ دوبارہ کوئی طیبہ اس سے سفر نہ کرے۔قبل ازیں طیبہ کو ڈی ایس پی کی سربراہی میں پولیس نفری نے سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال پہنچایا تو اس موقع پر کم سن گھریلو ملازمہ کی ساتھ ان کی والدہ بھی موجود تھیں۔ پولیس نے تمام معاملے کو میڈیا سے اوجھل رکھا۔