Cloud Front
foreign office

ترکی میں بازیاب ہونے والے چھ پاکستانیوں کو رہا کر دیا گیا

دو پاکستانی استنبول میں قونصل خانے کے حوالے ، مزید پاکستانیوں کے اغوا سے متعلق بھی ترک پولیس کو آگاہ کر دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد : ترک پولیس نے بازیاب چھ پاکستانیوں کو کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کر دیا جن میں سے دو تارکین وطن استنبول میں پاکستانی قونصل خانے پہنچ گئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کے مطابق ترک پولیس نے بازیاب ہونے والے 6 پاکستانیوں کو کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کر دیا ہے جن میں سے 2 پاکستانیوں کو استنبول میں پاکستان کے قونصل خانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید چار پاکستانی بھیجلد قونصل خانے پہنچ جائیں گے جس کے بعد انہیں وطن منتقل کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا مزید پاکستانیوں کے اغوا سے متعلق بھی ترک پولیس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل سماجی رابطے کی سائٹ فیس بک پر پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں پر انسانیت سوز مظالم کی ویڈیو جاری کئے جانے اور ان کے لواحقین سے تاوان کی بھاری رقم طلب کرنے کے بعد ترک اور پاکستانی حکام حرکت میں آئے۔ ترک حکام نے عثمان پاشا کے علاقے میں آپریشن کے بعد انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد جبکہ پاکستانی ایف آئی اے نے گوجرنوالہ سے انسانی سمگلنگ کے غیر قانونی دھندے میں شامل افراد کو گرفتار کیا تھا۔