Cloud Front
ICC

ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی پانچویں پوزیشن خطرے میں !

کیوی ٹیم بنگلہ دیش سے دونوں ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد رینکنگ میں 5ویں نمبر پر آجائیگا

دبئی : ویسٹ انڈیز کے خلاف یو اے ای ٹیسٹ سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد اگلے لگا تار پانچ ٹیسٹ ہار کر عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے سے پانچویں درجے پر گرنے والی پاکستانی ٹیم کی اب پانچویں ٹیسٹ رینکنگ بھی خطرے میں پڑگئی ہے۔اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف جاری 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دونوں میچز جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو ایک پوائنٹ کے اضافے کے سبب وہ 98پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کی جگہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر براجمان ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان ٹیم97پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ اور سری لنکا سے صرف ایک ایک پوائنٹ آگے ہے، سری لنکن ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کے پہلے دونوں ٹیسٹ ہار کر ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہی ہے۔تاہم نیوزی لینڈ کے پاس موقع ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے خلا ف ہوم سیریزکے دونوں ٹیسٹ جیت کر پاکستان کی جگہ پانچویں نمبر پر آجائے۔ اگر کیوی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف سیریز 0۔1سے جیت جائے یا ڈرا کرے تو اس سے پاکستان کی پانچویں پوزیشن ’’فی الوقت‘‘ محفوظ رہے گی۔