Cloud Front
Sheikh Rasheed

وزیراعظم لال حویلی خالی کرانے کیلئے لڑیں گے تو اقتدار نہیں رہے گا،شیخ رشید احمد

اگریہ پانچ مرلے ہی وزیراعظم کا مسئلہ ہے تو مریم بی بی کو گفٹ کردیتا ہوں،نواز شریف نے منی ٹریل نہ بتا ئے توان کیلئے مشکل ہوجائے گی ، عدالت میں جتنی دیر کریں گے عوام میں حکومت کا کیس کمزور ہوگا،سربراہ عوامی مسلم لیگ کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم لال حویلی خالی کرانے کیلئے مجھ سے لڑیں گے تو اقتدار جاتا رہے گا، اگر پانچ مرلے ہی وزیراعظم کا مسئلہ ہے تو مریم بی بی کو گفٹ کردیتا ہوں،نواز شریف نے منی ٹریل نہ بتا ئے توان کیلئے مشکل ہوجائے گی ، عدالت میں جتنی دیر کریں گے عوام میں حکومت کا کیس کمزور ہوگا۔بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم چاہیں گے اور ہم لال حویلی خالی کردیں گے یہ اتنا آسان نہیں ہے ہم اپنے حق کے حصول کے لئے آخری حد تک مقابلہ کریں گے۔انہوں نے وزیراعظم کو پیشکش کی کہ اگر پانچ مرحلے ہی نوازشریف کا مسئلہ ہے تو ہم یہ زمین مریم بی بی کو بطور تحفہ پیش کردیتے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہاکہ پاناما کا ہاتھی عدالت میں زیر بحث ہے جبکہ یہ لوگ عدالت میں جتنی دیر کریں گے عوام میں حکومت کا کیس کمزور ہوگا اور ابھی تک ایک دستاویز جمع نہیں کروائی گئی۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف نے منی ٹریل نہ بتا ئے توان کیلئے مشکل ہوجائے گی ،سیاسی قبر کی دیواروں تک پیچھا کریں گے۔پور ی دنیا کے اخبار اور ایجنسیاں کہہ رہی ہیں کہ فلیٹس نواز شریف کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب انسان پر برا وقت آتا ہے تواللہ اس سے غلطیاں کرواتاہے جس کی ایک مثال قطری شہزادے کاخط ہے۔میں گزشتہ چار دن سے حکومتی وزرا کے مرجھائے ہوئے چہروں کو دیکھ رہا ہوں جو جانتے ہیں کہ تمام فلیٹس میاں صاحب کے ہیں۔ایک سوا ل کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر نااہل ہوجاتے ہیں تووہ چودھری نثار، احسن اقبال اور حمزہ شہباز کو کبھی وزیراعظم نہیں بنائیں گے کیونکہ وہ سب کچھ مریم نواز کو وزیراعظم کی کرسی پر بٹھانے کے لئے کر رہے ہیں۔لیکن سپریم کورٹ نے کیس پر جوبھی فیصلہ دیا سب کے لئے قابل احترام اور قابل قبول ہوگا