Cloud Front

افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا زخمی سپاہی جام شہادت نوش کر گیا

خیبر ایجنسی میں پاک فوج کی چوکی پر افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی سپاہی جام شہادت نوش کر گیا
آرمی چیف کا ملک وقوم کی سلامتی کیلئے وقاص کی شہادت پر خراج تحسین پیش

پشاور: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے(فاٹا) کی خیبر ایجنسی میں پاک فوج کی چوکی پر افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونیوالا سپاہی جام شہادت نوش کر گیا، جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک وقوم کی سلامتی کیلئے وقاص کی شہادت کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاک فوج کی پوسٹ پر افغانستان کی طرف سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے زخمی جوان وقاص کے پیر کے روز زخموں کی تاب نہ لاکر جام شہادت نوش کر لیا، دو روز قبل سپاہی وقاص خیبر ایجنسی کی چوکی پر خدمات انجام دے رہا تھا کہ افغانستان پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ میں زخمی ہو گیا،

جس کو خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے سمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ شہید ہو گئے، آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سپاہی وقاص کی قوم و ملک کے لئے جام شہادت نوش کرنے پر خراج تحسین پیش کی اور ملکی سلامتی کیلئے ان کے خدمات کو سراہا، بعدازاں شہید سپاہی وقاص کی نماز جنازہ پشاور کے کور ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی جس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نذیر احمد بٹ، آئی جی ایف سی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، آئی ایس پی آر کے مطابق کمزور افغان سرحدی نظام سے دہشتگرد فائدہ اٹھاتے ہیں اور تخریب کاری کرتے ہیں جس کے روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ افغانستان کی طرف سے افغان سرحد پر دہشتگردوں کی نقل و ہرکت پر گہری نظر رکھی جائے۔