Cloud Front
Najam Sethi

سپر لیگ فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد سے غیر ملکی ٹیمیں ضرور پاکستان آئینگی ، نجم سیٹھی

سپر لیگ ملکی اثاثہ ہے ،ہر کسی کو قومی مفاد میں اس کی حفاظت کرنی چاہیے ،چند نئے اور باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے ہیں ، سپانسر ہومیج کے ہمراہ پریس کانفرنس

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے امید ظاہر کی ہے کہ پانچ مارچ کو لاہور میں لیگ کے فائنل کے کامیابی کے ساتھ انعقاد کے بعد یقینی طور پر اس سال ایک سے دو غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ ضرور کریں گی۔پاکستان سپر لیگ کے نئے اسپانسر ’ہومیج‘ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ حکومت نے سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور غیر ملکی ٹیموں کو دورہ پاکستان کیلئے رضامند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پانچ مارچ کو پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کرا کر ہم دنیا پر یہ ثابت کرنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال قابل اطمینان ہے۔چیئرمین پی ایس ایل کے مطابق پاکستان پر ا آئی سی سی کی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے حال ہی میں لاہور کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہو کر وطن واپس لوٹے۔

انہوں نے پاکستان سپر لیگ کو ملکی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو قومی مفاد میں اس کی حفاظت کرنی چاہیے، لیگ سے چند نئے اور باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے اور قومی ٹیم میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں اسپانسرز کی کوئی کمی نہیں جو اس صورتحال سے بالکل مختلف اور اچھی ہے جب ہم نے گزشتہ سال پی ایس ایل کا اجرا کیا تھا۔نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ کھلاڑیوں کا دوسرا ڈرافٹ پی ایس ایل کے درمیان ہو گا جہاں انہیں یہ آپشندیا جائے گا کہ وہ لاہور میں فائنل کھیلیں یا پھر اس سے دستبردار ہو جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پی ایس ایل منتظمین اس عمل میں فیکا کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں اور ان کی سیکیورٹی ایجنسی کو یقین دلا سکیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات قابل اطمینان ہیں۔