Cloud Front

عالمی منڈی میں خال تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سعودی معیشت پر نظر آنے لگے

سعودی عرب کی کابینہ نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ) متعارف کرانے کی منظوری دے دی ، شہریوں کو ٹیکس ادا کرنا ہوگا

ریاض: عالمی منڈی میں خال تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سعودی معیشت پر نظر آنے لگے اور سعودی عرب کے شہری جو ٹیکس سے آزداد زندگی گزارنے کے عادی تھے اب انہیں بھی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی کابینہ نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ) متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔اس منظوری کے بعد مختلف اشیاء4 پر سعودی شہریوں کو 5 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور اس حوالے سے سعودی عرب نے گزشتہ برس جون میں خلیج تعاون کونسل سے معاہدہ بھی کیا تھا۔

سعودی شہری اور سعودی عرب میں رہنے والے لوگ اس سے قبل کسی قسم کا ٹیکس ادا نہیں کرتے تھے تاہم گزشتہ چند برسوں میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کی وجہ سے سعودی حکومت آمدنی کے دیگر ذرائع پر بھی توجہ دے رہی ہے۔2014 کے آغاز میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا تھا، اْس وقت عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے اوپر تھی لیکن پھر اس میں کمی کا رجحان پیدا ہوا۔گزشتہ برس جنوری تک خام تیل کی قیمت 29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی جس سے سعودی عرب اور تیل برآمد کرنے والے دیگر ملکوں کی معیشتوں کو شدید دھچکہ لگا۔