Cloud Front

پاک فوج کے آپریشن کلین اپ میں کالعدم تنظیم کا ایک دہشت گرد ہلاک ،8 گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ، پاک فوج کے آپریشن کلین اپ میں کالعدم تنظیم کا ایک دہشت گرد ہلاک ،8 گرفتار
فائرنگ تبادلہ میں میجر سمیت3 جوان زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پاک فوج کے آپریشن کلین اپ کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کا 1دہشتگرد ہلاک ہو گیا جبکہ 8مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا، دہشتگردوں کی جوابی فائرنگ میں پاک فوج کے میجر سمیت 3جوان زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کا یہ آپریشن منگل اور بدھ کی درمیانی شب خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے لونی جنگل میں کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کیا گیا جس کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نو رنگ گروپ کا دہشتگرد مارا گیا جبکہ8مشتبہ افراد کو بھی زیر حراست لیا گیا۔ پاک فوج کی کارروائی کے جواب میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے میجر سمیت 3 جوان زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں میں میجر عباس ، کیپٹن عمر اور نائیک عدنان شامل ہیں جن کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔