Cloud Front
Sheikh Rasheed

نوازشریف الزام لگانے والے اداروں پر ہرجانے کا کیس کریں میں اپنا کیس واپس لے لوگا، شیخ رشید

قطری خطوط کے پیچھے ساہیوال کول پاور پلانٹ،پورٹ قاسم منصوبے ہیں،حافظ سعید کو گرفتار اور انڈین فلموں پر پابندی اٹھا کر حکومت نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا، انٹرویو

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف الزام لگانے والے اداروں پر ہرجانے کا کیس کریں میں اپنا کیس واپس لے لوگا،قطری خطوط کے پیچھے ساہیوال کول پاور پلانٹ،پورٹ قاسم منصوبے ہیں،حافظ سعید کو گرفتار اور انڈین فلموں پر پابندی اٹھا کر حکومت نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا۔پیر کے روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس ملک میں دو لوگ ہی اپوزیشن کر رہے ہیں ایک شیخ رشید اور عمران خان،نوازشریف اور پانامہ کیس کو قبر تک پیچھا کریں گے،شریف فیملی کے وکلاء عدالت میں ٹوینکل ٹوینکل کھیل رہے ہیں،استثنیٰ اور سزا نہ دینے کی باتیں کرتے ہیں،قطری کے خطوط کی کوئی حیثیت نہیں ہے اگر حیثیت کو تسلیم کیا گیا تو قطری کو عدالت میں بلا کر حلف لیا جائے گا اور اس سے سوالات بھی پوچھے جائیں گے۔اگر نوازشریف آئی سی آئی جے،بی بی سی اور جرمن ادارے کے خلاف ہر جانے کا دعویٰ دائر کریں اور حلف دیں کہ میں ان کے خلاف کیس کو واپس نہیں لوں گا تو میں اسی وقت عدالت سے نوازشریف کے خلاف اپنا کیس واپس لے لوں گا۔قطری خطوط کے پیچھے پورٹ قاسم،ساہیوال کول پاور پلانٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان O+خون ہیں،اقتدار میں آنے والی ہر پارٹی کو مولانا کا خون لگا ہوا ہے،جب نواز شریف پر برا وقت آئے گا اور دوسری جماعت اقتدار میں ہوگی تب بھی مولانا کا O+خون اقتدار کے ساتھ ہوگا نہ کہ نوازشریف کے ساتھ۔مولانا فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کے چےئرمین ہیں کمیٹی کا بجٹ6کروڑ روپے کا ہے اورمولانا کو وفاقی وزراء والی تمام سہولیات میسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچایا،ایک طرف5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا تھا تو دوسری طرف 4فروری کو نواز شریف پاکستان میں انڈین فلموں پر عائد پابندی کو اٹھا رہے تھے۔حافظ سعید کو گرفتار کرکے بھارت اور امریکہ کو خوش کیا اور اب ڈاکٹر شکیل آفریدی کے متعلق خبریں گرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اچھا ہوا لشکر طیبہ والے بھی نوازشریف کیلئے ووٹ مانگتے پھرتے تھے

ان کو اب اچھا جھٹکا لگا ہے،ٹرمپ کے100دن مکمل ہو جائیں پھر دیکھنا وہ پاکستان اور چین کے ساتھ کیا کرتا ہے۔شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ نوازشریف خوف کے مارے وقت سے پہلے فیتے کاٹ رہے ہیں،قرضے لے کر حکومت نے موٹروے کو گروی رکھوا دیاہے،آگے یہ پی ٹی وی کو بھی گروی رکھوا دیں گے