Cloud Front
Mustafa Kamal

سلیم شہزاد جیسے رہنما کیلئے ہماری پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، مصطفی کمال

کراچی میں اگلے مورچوں پر لڑائی جاری ہے ،سلیم شہزاد جیسے بھاری رہنما کیلئے ہماری پارٹی میں کوئی جگہ نہیں،پشاور میں میڈیا سے گفتگو

پشاور: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سلیم شہزاد جیسے بھاری رہنما کیلئے ہماری پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، خیبرپختونخواہ میں تنظیم سازی کیلئے آیا ہوں ، کوئی ہماری پارٹی کے منشور سے اختلاف کرتا ہے تو اس کوئی جھگڑا نہیں ،2018ء کے انتخابات میں عوام کو سرپرائز دینگے ۔پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کا ہے اور سب کو سیاست کرنے کا سب کو حق ہے اور ہم اس حق کے تحت پورے پاکستان میں اپنا پیغام پھیلانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری کسی سے کوئی لڑائی نہیں اور خیبرپختونخوا میں پارٹی کی تنظیم سازی کے لیے آیا ہوں اور تنظیم سازی کاعمل شروع بھی کردیا ہے اور اگر کوئی ہمارے منشور سے اختلاف کرتا ہے اس سے کوئی جھگڑا نہیں لیکن 2018 کے انتخابات میں سرپرائز دیں گے۔مصطفی کمال نے ایم کیو ایم کے بانی رکن سلیم شہزاد کے حوالے سے کہا کہ سلیم شہزاد کے بارے میں ہمیں کوئی علم نہیں اور نہ ہی وہ ہمارے لیے کراچی آئے ہیں اور ان کے لئے ہماری پارٹی میں کوئی جگہ بھی نہیں کیونکہ کچھ لوگ ایسے ہیں جن کے لیے ہمارے پاس کوئی جگہ نہیں اور یہ بات انہیں بتادی گئی ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی میں اگلے مورچوں کی لڑائی جاری ہے اور اس لئے وہاں وقت لگ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہر قائد میں بھارتی خفیہ ایجنسی را 22 برس سے کام کررہی تھی جو شہر میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔