Cloud Front
PSL logo

پی ایس ایل حکام کی فائنل لاہور میں کرانے کے حوالے سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو تفصیلی بریفنگ

کھلاڑیوں کو فول پروف سربراہان مملکت کی سطح کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی ، نجم سیٹھی کی یقین دہانی
وسیم اکرم اور رمیز راجہ نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں بہترین سیکیورٹی کی فراہمی کا وعدہ کیا

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے حکام نے آئندہ ماہ لیگ کے لاہور میں منعقد ہونے والے فائنل کے حوالے سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو تفصیلی بریفنگ دی۔ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی طرح دوسرے ایڈیشن کا فائنل بھی دبئی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پرعزم حکام نے اس سال ایونٹ کا فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کیا اور سات مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایونٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔دبئی میں منعقدہ اجلاس میں پانچوں فرنچائز کے نامور غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی جہاں پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کرکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے انہیں پاکستان اور خصوصاً لاہور میں سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کر کے مطمئن کرنے کی کوشش کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو سربراہان مملکت کی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں بہترین سیکیورٹی کی فراہمی کا یقین دلایا۔پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی اس سے قبل کئی مواقع پر اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ پی ایس ایل فائنل کیلئے خصوصی ڈرافٹ کا انعقاد کیا جائے گا اور صرف ان کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جو لاہور میں فائنل کھیلنے پر رضامندی ظاہر کریں گے۔رواں سال اوائل میں جب پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کا حتمی اعلان کیا تو کھلاڑیوں کی عالمی تنظیم فیکا نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو خبردار کیا کہ وہ پاکستان کا دورہ نہ کریں۔لیکن نجم سیٹھی نے اسے مسترد کرتے ہوئے فائنل کے لاہور میں انعقاد کا عزم ظاہر کیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کو صف اول کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے لاہور میں فائنل کھیلنے کی تصدیق کر دی ہے اور پی سی بی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پرعزم ہے۔