Cloud Front
ICC

جنوبی افریقہ ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے سے ایک قدم دور

فاف ڈوپلیسی کی 185رنز کی دھواں دار اننگز ، چوتھے میچ میں سری لنکا کو 40رنز سے شکست
کیپ ٹاؤن : جنوبی افریقہ نے فاف ڈو پلیسی کی 185 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں 40 رنز سے شکست دے دی ہے۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن اس نے دوسرے ہی اوور میں اوپنر ہاشم آملہ کی وکٹ گنوا دی۔

اس کے بعد ڈی کاک اور ڈوپلیسی اور پھر کپتان ڈی ویلیئرز کے درمیان شراکت کی بدولت اس نے سری لنکا کے سامنے جیتنے کے لیے 368 رنز کا مشکل ہدف رکھا۔اس سے قبل ہونے والے تین میچز میں سری لنکا 200 رنز بھی نہیں بنا سکی تھی اور حالیہ دورے میں ٹیسٹ میچز میں بھی 300 رنز کا ہندسہ پار نہیں کرسکی تھی تاہم اس نے اچھی کرکٹ کھیلی اور پہلے دس اوورز میں دس رنز کی اوسط برقرار رکھتے ہوئے جنوبی افریقہ پر دباؤ بنائے رکھا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے فاف ڈوپلیسی نے 16 چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 185 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ ڈی کاک اور ڈی ولیئرز نے نصف سنچریاں سکور کیں۔سری لنکا کی جانب سے کمارا اور پتھیرانا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں سری لنکا کی ٹیم کو اوپنر ڈک ویلا اور اوپل تھرنگا نے بہترین آغاز فراہم کیا اور انھوں نے 16 اوورز میں 139 رنز بنائے۔

ڈک ویلا 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن تھرنگا نے اپنا جارحانہ کھیل جاری رکھا۔انھیں بالآخر وین پارنل نے آوٹ کیا لیکن آوٹ ہونے سے قبل تھرنگا نے 90 گیند میں سات چھکے اور 11 چوکیکی بدولت 119 رنز بنا لیے تھے۔ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم پورے اوورز بھی نہیں کھیل سکی اور پوری ٹیم 327 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ وین پارنل نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ پریٹوریس، رباڈا اور عمران طاہر نے دو دو وکٹیں لیں۔اگر جنوبی افریقہ پانچوا میچ بھی جیت جاتی ہے تو وہ ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر آ جائے گی۔خیال رہے کہ یہ ڈی ولیئرز کی ون ڈے میں 50 ویں نصف سنچری تھی۔ جبکہ ڈوپلیسی جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کی اننگز کھیلنے کے معاملے میں گیری کرسٹن کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔