Cloud Front

این مورگن کا پی ایس ایل فائنل کیلئے لاہور آنے سے صاف انکار

انگلش کپتان بنگلا دیش ٹور سے بھی دستبردار ہو چکے، بورڈ کے پاس متبادل پلان موجود

دبئی: برطانوی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان این مورگن نے پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان مورگن پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کیلئے پشاور زلمے کا حصہ ہیں اور اس ٹیم میں شامل تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلنے پر تیار ہیں تاہم مورگن کا کہنا ہے کہ وہ کسی صورت لاہور نہیں جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک پیغام میں پشاور زلمے کے مالک جاوید آفریدی نے کہا کہ مورگن کے علاوہ ٹیم میں شامل تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر پشاور زلمے فائنل میں پہنچی تو وہ لاہور جا کر فائنل کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔یاد رہے کہ انگلش ون ڈے ٹیم کے کپتان این مورگن نے گزشتہ سال سیکیورٹی خدشات کے باعث دورہ بنگلا دیش سے بھی انکار کر دیا تھا اور ٹیم کو ان کے بغیر ہی کھیلنا پڑا تھا۔ دوسری جانب پی سی بی مورگن کے انکار سے قطعی پریشان نہیں ہے کیونکہ حکام پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ انکار کی صورت میں فائنل کھیلنے والوں ٹیموں کو متبادل کھلاڑی فراہم کئے جائینگے۔