Cloud Front
Sarfraz Ahmad

اظہرعلی ون ڈے قیادت سے دستبردار ،سرفراز احمد نئے کپتان مقرر

اظہر علی نے ون ڈے ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے بارے میں آگاہ کردیا ، شہریار خان
دبئی میں کرکٹ اعلیٰ حکام کی ملاقاتوں میں مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل کے علاوہ یونس خان اور مصباح الحق کے حوالے سے بھی گفتگو

دبئی : پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی قیادت سے دستبردار ہو گئے ہیں جس کے بعد سرفراز احمد کو کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ اظہر علی نے ون ڈے ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے بارے میں آگاہ کردیا ہے اور سرفراز احمد ون ڈے ٹیم کے کئے کپتان ہوں گے۔یاد رہے کہ سرفراز احمد پاکستان کی ٹی20 ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں موجود پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ، کوچ مکی آرتھر سمیت اعلیٰ حکام کی اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق شہریار نے اظہر علی سے علیحدہ ملاقات کی جس میں انہوں نے قیادت چھوڑنے کی پیشکش کی جسے بورڈ نے قبول کیا لیکن وہ بحیثیت بلے باز ون ڈے ٹیم کیلئے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

اظہر علی کی زیر قیات پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بدترین کلین سویپ سمیت 31 میں سے 18 میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔اجلاس کے دوران سینئر کھلاڑیوں مصباح الحق اور یونس خان کے مستقبل پر گفتگو بھی ہوئی اور ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ابھی انہوں نے مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا اور پاکستان سپر لیگ کے بعد اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔یاد رہے کہ آسٹریلیااور نیوزی لینڈ میں متواتر شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ کے مقتدر حلقوں کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے سرفراز کو تینوں فارمیٹس میں قیادت سونپنے کے مشورے دیے جا رہے تھے۔سابق کھلاڑیوں نے بھی مصباح الحق اور اظہر علی کے دفاعی انداز قیادت پر برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ سے جلد اہم فیصلے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔اس سلسلے میں عمر اکمل، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے مستقبل کے بارے میں بھی جلد اہم فیصلہ متوقع ہے اور ممکنہ طور پر احمد شہزاد کی دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی ٹیم میں واپسی ہو گی۔