Cloud Front

پی ایس ایل سکینڈل، شرجیل خان اور خالد لطیف کے خلاف کل چارج شیٹ پیش کیے جا نے کا امکا ن

دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں فکسنگ سکینڈل کے الزام میں معطل ہونے والے شرجیل خان اور خالد لطیف پر تاحیات پابندی عائد کئے جانے کا امکان ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق حکام نے دونوں کھلاڑیوں کے اعترافی بیان پہلے ہی ریکارڈ کر لئے ہیں اور ان کے خلاف کل منگل کو چارج شیٹ پیش کی جا سکتی ہے۔ پاکستان اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت میچ فکسنگ کی اطلاع نہ دینے پر کسی بھی کھلاڑی کو کم از کم 6 ماہ یا پھر تاحیات پابندی کی سزا دی جا سکتی ہے جبکہ میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا جرم ثابت ہونے پر کم از کم پانچ سال یا پھر تاحیات پابندی لگائی جا سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شرجیل خان اور خالد لطیف جب سے معطل ہو کر وطن واپس آئے ہیں، ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ دونوں بلے بازوں کو کرپشن الزامات پر عبوری طور پر معطل کر کے دبئی سے وطن واپس بھیجا گیا جہاں پاکستان سپر لیگ کا دوسرا ایڈیشن جاری ہے اور یہ دونوں کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل میں اس وقت تہلکہ مچ گیا تھا جب شرجیل خان اور خالد لطیف کو مبینہ طور پر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کے باعث عبوری طور پر معطل کر کے وطن واپس بھیج دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے بکی سے ملاقات کرنے کا اعتراف بھی کر لیا تھا۔