Cloud Front

ویمن ٹیم کپتان ثناء میرکا ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ

ون ڈے کرکٹ کا تو میرا یہی ارادہ ہے یہ میرے آخری میچز ہوں مگر کپتان کے طور پر تو میں یقینی طور پر آخری مرتبہ ہی کھیلوں گی، ثناء میر

کولمبو: پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں وہ کپتان کے طور پر آخری مرتبہ کھیلیں گی۔ ایک انٹرویو میں ثناء میر نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کا تو میرا یہی ارادہ ہے کہ یہ میرے آخری میچز ہوں مگر کپتان کے طور پر تو میں یقینی طور پر آخری مرتبہ ہی کھیلوں گی۔’کولمبو میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ثنا میر کی کپتانی میں سوموار کو پاکستانی ٹیم نے سکاٹ لینڈ کی ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سپر سکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ جیت کا سہرا ثنا میر کو جاتا ہے جنھوں نے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کر کے فتح کو یقینی بنایا۔اسی ٹورنامنٹ میں ثنا میر کو 100 وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا۔ اب وہ دنیا کی چھٹی بہترین آل راؤنڈر بن گئی ہیں۔

وہ کہتی ہیں ‘میرے لیے یہ بہت اعزاز کی بات ہے۔ امید ہے اس سے آگے آنے والی لڑکیوں کے لیے اچھی کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی۔ مجھے تو 12 سال لگے یہ اعزاز حاصل کرنے میں کیونکہ شروع میں ہمیں میچ کھیلنے کے لیے ملتے ہی نہیں تھے۔ مگر امید ہے آنے والی لڑکیاں 100 وکٹیں جلدی حاصل کر لیں گیں۔’متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل )کے دوسرے سیزین میں سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی سے متعلق ثنا میر نے کہا ‘یہ پی سی بی کا بہت اچھا قدم ہے کہ اس نے اندرونی تحقیقات شروع کیں ہیں کیونکہ اس سے آئندہ آنے والے کرکٹرز کو سپاٹ فکسنگ کے نقصانات سے آگاہی ملے گی۔ بیرون ملک پہلے ہی اس بارے میں سختی برتی جاتی ہے اب پاکستان میں بھی ایسا ہی ہو رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔