Cloud Front

ینگ ڈاکٹرز کا پنجاب حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم

محکمہ صحت پنجاب اور اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں ہے، مریض

لاہور: ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات کی منظوری کے لئے پنجاب حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے جب کہ سروسز اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی کے باعث مسلسل ساتویں روز بھی مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ میڈ یا رپو رٹ کے مطابق ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات کی منظوری کے لئے صوبائی حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دے کر اسپتالوں میں او پی ڈیز کھول دی ہیں تاہم سروسز اسپتال لاہور کے ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی مسلسل جاری ہے اور اسپتال میں ساتویں روز بھی او پی ڈیز، ٹیسٹ اور اور آپریشنز نہ ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مریضوں کا کہنا ہے کہ مریض تڑپ رہے ہیں لیکن اس کے باوجود محکمہ صحت پنجاب اور اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں ہے۔ دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو پنجاب بھر کے ڈاکٹرز ایک بار پھر ہڑتال پر چلے جائیں گے۔