Cloud Front
IMF

سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان اور ایم آئی ایف کے مذاکرات منسوخ

اسلام آباد: دہشتگردی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مجوزہ مذاکرات منسوخ ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں جاری دہشتگردی کی حالیہ لہر کے باعث آئی ایم ایف اور وزار ت خزانہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو منسوخ کردیا گیا ہے اور اب نئی تاریخ کاتعین باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جائزہ ٹیم نے رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد پہنچنا تھا۔

دورے کے دوران ٹیم نے آرٹیکل فور کے تحت پاکستانی معیشت کا جائزہ لینے سمیت اعلیٰ حکام اور سول سوسائٹی سے ملاقاتیں بھی کرنا تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رواں ماہ کے دوران دہشت گردی کی لہر کی وجہ سے آئی ایم ایف ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا۔ وزارت خزانہ مذاکرات کی نئی تاریخ مقرر کرنے کیلئے آئی ایم ایف سے رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی نئی تاریخ پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔