Cloud Front
ISPR

مہمند ایجنسی:افغانستان سے دہشت گردوں کا پاکستانی چیک پوسٹوں پرحملہ،5اہلکار شہید

پاک فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی میں10دہشت گرد واصل جہنم
دہشت گرد پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ دشمن ہیں،نوجوانوں کی سرحد پرموجودگی ضروری ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
افغانستان سے حملے کی مذمت ،بہادر فوجیوں نے ملک و قوم کے تحفظ کیلئے اپنے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،ترجمان دفتر خارجہ

پشاور،راولپنڈی: مہمند ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں نے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کئے جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بنا دیا ،10دہشت گرد ہلاک ہو گئے ، حملے میں 5 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے مشترکہ دشمن ہیں،سرحد کی حفاظت کے لیے نوجوانوں کی سرحد پرموجودگی ضروری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب افغانستان سے دہشت گردوں نے مہمند ایجنسی میں 3 پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کئے جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے موثر نگرانی کے عمل کے باعث ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے جب کہ بھرپور جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں نائیک ثناء اللہ، نائیک صفدر، سپاہی الطاف، سپاہی نیک محمد اور سپاہی انور شامل ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کو سراہا اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے مشترکہ دشمن ہیں اور سرحد پر افغانستان کی جانب سے موثر سیکیورٹی کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردوں کی آزادانہ آمدورفت کو روکا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ سرحد پار سے ہو یا اندرون ملک مادر وطن کے سپوت ہر لمحہ ہر آن دندان شکن جواب کے لئے تیار ہیں ۔آرمی چیف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے اپنے بیان میں کہا کہ بہادر فوجیوں نے ملک و قوم کے تحفظ کے لئے اپنے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہیں ، ہم اپنے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی عظمت کی خاطر اپنے آپ کو قربان کردیا، بہادر افواج کیساتھ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ساتھ کھڑی ہے۔