Cloud Front

انتخابات میں روسی ‘مداخلت’ کی تحقیقات20مارچ سے کھلے عام ہو گی ، ڈیون نونس

میں زیادہ سے زیادہ سماعت کھلے عام کرنا چاہتا ہوں کیونکہ معاملے پر الزامات خاصے سنگین ہیں،سربراہ انٹیلی جنس

واشنگٹن : امریکہ میں ایوان نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی کے سربراہ ڈیون نونس نے کہا ہے کہ امریکی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت کی تحقیقات پہلی مرتبہ کھلے عام کی جائیں گی اور یہ سلسلہ 20 مارچ سے شروع ہو گا۔ سماعت کیلئے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی” کے موجودہ ڈائریکٹر جیمز کومی ، نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر مائیک روجرز اور سی آئی اے کے سابق سربراہ جان برینن کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں زیادہ سے زیادہ سماعت کھلے عام کرنا چاہتا ہوں، کیونکہ تمام فریقین کی طرف سے اس معاملے پر الزامات خاصے سنگین ہیں،

ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ سماعت کھلے عام کی جائے۔”سماعت میں بیان ریکارڈ کروانے کے لیے سات افراد کی فہرست کو ان کے بقول ضرورت کے مطابق وسیع یا تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے جو کہ دونوں جماعتوں کے اتفاق سے تیار کی گئی ہے۔اس میں سابق قائم مقام اٹارنی جنرل سیلی یاٹس اور نیشنل انٹیلی جنس کے سابق ڈائریکٹر جیمز کلیپر بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ صدارتی انتخابات سے ایک ماہ قبل سابق صدر براک اوباما کی ایما پر نیویارک میں ٹرمپ ٹاور کے فونز کی نگرانی کی گئی۔اوباما کے ترجمان نے ان الزامات کو “صریحاً غلط” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا ۔