Cloud Front

سندھ :کچے کے16فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے

قومی دھارے میں شامل ہو نیوالوں کیساتھ نرمی برتی اور ان کی اصلاح کی جائیگی، رینجرز حکام

سکھر : سندھ کے کچے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے 16 فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے جبکہ رینجرز حکام کہنا ہے کہ قومی دھارے میں شامل ہو نیوالوں کیساتھ نرمی برتی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے کچے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے فراریوں نے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ۔ ملزمان نے اپنے پاس موجود جدید اسلحہ ، راکٹ لانچر ، ہینڈ گرنیڈ،رائفلیں ، پستول ، کلاشکوف، ہزاروں کارتوں اور گولیاں بھی رینجرز کے حوالے کر دی ،یہ فراری سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔اس موقع پر ملزمان کا کہنا تھا کہ ہم جرائم سے بھری اپنی زندگی سے تنگ آچکے ہیں اور قومی دھارے میں شامل ہو کر ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں ۔ دوسری جانب رینجرز حکام نے فراریوں کی جانب سے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جو ملزمان ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں ان کے ساتھ نرمی سے برتا جائے گا اور ان کی اصلاح کی جائے گی تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔