Cloud Front
Shah Rukh Khan

شاہ رخ خان کی فلم نے تکمیل سے قبل ہی 125 کروڑ روپے کمالیے

ہدایتکار امتیازعلی کی فلم ’’دی رنگ‘‘ میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما مرکزی کردار ادا کررہے ہیں

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی زیر تکمیل فلم’’دی رنگ‘‘ نے نمائش سے قبل ہی ڈسٹری بیوشن کے مالکانہ حقوق کی مد میں 125 کروڑ سے زائد کی کمائی کرلی۔بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی جوڑی کامیاب ترین جوڑیوں میں سے ایک ہے، دونوں اداکاروں کی جوڑی نے کئی فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس میں’’رب نے بنادی جوڑی ‘‘ اور ’’جب تک ہے جاں‘‘ جیسی کامیاب فلمی شامل ہیں جب کہ ان کی فلمیں باکس آفس پر بھی بلاک بسٹر ثابت ہوئیں ہیں لیکن اب ان کی فلم نے ایک اور بڑی ڈیل کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایتکار امتیازعلی کی فلم ’’دی رنگ‘‘ میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما مرکزی کردار ادا کریں گے جب کہ فلم کی شوٹنگ تاحال جاری ہے اور ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے لیکن فلم کے مقامی اور عالمی سطح پر ڈسٹری بیوشن کے مالکانہ حقوق این ایچ اسٹوڈیوز نے 125 کروڑ میں خرید لیے ہیں اور اس طرح فلم نمائش سے قبل ہی بجٹ سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔دوسری جانب این ایچ اسٹوڈیوز کے مالک نریندرا ہیراوت نے بھی فلم کے ڈسٹری بیوشن رائٹس خریدنے کی تصدیق کردی ہے تاہم انہوں نے خریداری کی رقم بتانے سے انکار کردیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سلمان خان نے شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی فلم کا پوسٹر شیئر کرکے مداحوں سے فلم کا نام تجویزکرنے کا کہا تھا جب کہ فلم 11 اگست کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔