Cloud Front

جنوبی کوریا: عدالت نے صدر کو برطرف کردیا

بدعنوانی سکینڈل میں صدر پارک اور ان کی ایک قریبی دوست کے ملوث ہونے کی بنا پر پارلیمان نے ان کا مواخذہ کیا تھا

سیؤل: جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ نے صدر پارک گن کے مواخذے کو درست قرار دیتے ہوئے انھیں عہدے سے برطرف کر دیا ۔پارک جنوبی کوریا کی جمہوری طور پر منتخب پہلی رہنما ہیں جنھیں ان کے عہدے سے برطرف کیا گیا ہو۔سبھی ججوں نے متفقہ طور پر اپنے فیصلے میں پارلیمان کی جانب سے ان کا مواخذہ کرنے کو دورست قرار دیا ہے۔بدعنوانی کے ایک سکینڈل میں صدر پارک اور ان کی ایک قریبی دوست چوئی سون سل کے ملوث ہونے کی بنا پر پارلیمان نے ان کا مواخذہ کیا تھا۔ملک کی سپریم کورٹ کی آئینی بینچ کے آٹھ ججوں نے صدر پارک کو برطرف کرنے سے قبل پارلیمان کی جانب سے ان کے مواخذے کے عمل پر تفصیل سے سماعت کی۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت نے کہا کہ صدر پارک نے خفیہ سرکاری معلومات کو راز رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی اہم دستاویزات کو لیک کیا اور اپنی دوست چوئی کو حکومتی معاملات میں مداخلت کی اجازت دے کر قانون کی خلاف ورزی کی۔چیف جسٹس لی جنگ می نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ان کے فعل نے

‘جمہوریت کی روح اور قانون کی حکمرانی کو سنگین طور پر طور پر چوٹ پہنچائی ہے۔ صدر پارک گن کو برطرف کیا جاتا ہے۔صدارت کے عہدے سے انھیں برطرف کرنے کا مطلب یہ ہے کہ جنوبی کوریا کو آئندہ مئی تک ایک نئے صدر کو منتخب کرنا ہوگا۔اس فیصلے سے صدر پارک اس استثنیٰ سے بھی محروم ہوچکی ہیں جو بطور صدر ان کو حاصل ہوتا ہے اور اب ان پر بدعنوانی کے خلاف مقدمہ بھی چلایا جا سکتا ہے۔صدر پارک کو گذشتہ دسمبر میں ہی صدارتی ذمہ داریوں سے دسبردار کر دیا گیا تھا اور صدر کے فرائض ملک کے وزیراعظم نبھا رہے تھے۔صدر پارک کی قریبی دوست چوئی سون سل دھوکہ دہی اور اقتدار کے ناجائز استعمال کے الزامات میں زیر حراست ہیں۔ ان پر جنوبی کوریا کی کمپنیوں سے بھی بھاری رقم بٹورنے کے الزامات ہیں۔مس چوئی کو اختیارات کے غلط استعمال اور فراڈ کی سازش سمیت متعدد الزامات کا سامنا ہے۔لیکن دونوں خواتین بدعنوانی سکینڈل کے الزامات سے انکار کرتی رہی ہیں۔