Cloud Front
naeem ul haq

رضا ربانی کا جاوید لطیف کیخلاف اہم قرارداد روکنا افسوسناک ہے، نعیم الحق

چیئرمین سینٹ کا یہ رویہ خواتین بارے غلیظ خیالات کے حامل عناصر کی حوصلہ افزائی کرے گا،بیان

اسلام آباد: تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ رضا ربانی کی جانب سے جاوید لطیف کے نازیبا بیان کیخلاف کثیر الجماعتی قرارداد مسترد کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،پارلیمان ہر اہم اور قومی معاملے پر نظریں چراتی یا طاقتور کی پشت پناہی کرتی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چیئرمین سینٹ قراداد کو ایوان میں آنے سے روک کر نہ جانے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ ماں،بہنوں اور بیٹیوں کی دلجوعی کی بجائے قراراد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا افسوسناک ہے،

قومی اور معاشرتی نوعیت کے اس اہم معاملے کو تکنیکی مسائل کی نذر کرنے کی کوشش بھی سمجھ سے بالاتر ہے۔ نعیم الحق نے کہ کہ چیئرمین سینٹ کے فلسفے کے مطابق کوئی رکن قومی اسمبلی ماں بہنوں بیٹیوں پر کیسے ہی شرانگیز حملے کرے وہ اس پر کچھ نہیں کریں گے،چیئرمین سینٹ کا یہ رویہ خواتین کے بارے میں غلیظ خیالات کے حامل عناصر کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ نعیم الحق نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی بھی اس معاملے کو سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ابھی تک جاوید لطیف کیخلاف کارروائی کی نہ ہی اس ہرزہ سرائی کی مذمت کی اور نواز شریف جاوید لطیف کی رکنیت ختم نہیں کرتے تو قوم سمجھے گی کہ اسے انکی آشیرباد حاصل ہے۔