Cloud Front
Salman Butt

سلمان بٹ کے قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن

دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کو کلیئرنس دے دی ہے،محمد آصف باری کے انتظار میں

کراچی: 2010 کے بدنام زمانہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے ماسٹر مائنڈ اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کے پاکستانی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کو کلیئرنس دے دی ہے۔ فاسٹ بولر محمد عامر دو سال پہلے پاکستان ٹیم میں شامل ہوگئے تھے جبکہ محمد آصف کو ابھی اپنی باری کا انتظار ہے۔سلمان بٹ اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگ چکے ہیں۔

سلمان بٹ بھی جلد سے جلد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کلب میچز کھیلتے رہے ہیں اور خود کو فٹ رکھنے کے لیے محنت کر رہے ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی کارکردگی ہی ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ پی سی بی کے انتہائی قابل اعتماد ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز میں بائیں ہاتھ کے اوپنر سلمان بٹ کو پاکستانی ٹیم کا حصہ بنانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ 32سالہ سلمان بٹ گذشتہ دو سال سے با قاعدگی سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔