Cloud Front

پی سی بی نے محمد عرفان کو معطل کرکے چارج شیٹ تھما دی

بکیز سے رابطے کا اعتراف ، پی سی بی نے محمد عرفان کو معطل کرکے چارج شیٹ تھما دی
محمد عرفان نے آئین کی آرٹیکل 2.2 اور 2.4 کی خلاف ورزی کی ہے،14 د ن کے اندر جواب دینا ہوگا ، پی سی بی

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے کرکٹر محمد عرفان کو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزام میں معطل کر دیا۔پی سی بی نے محمد عرفان کو بکیز سے رابطے رکھنے پر معطل کر کے انہیں چارج شیٹ تھما دی۔ذرائع کے مطابق محمد عرفان کے خلاف پی سی بی کے پاس شواہد بھی موجود ہیں۔گذشتہ روز محمد عرفان پاکستان کر کٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئے،

انہوں نے ٹریبیونل کو بتایا کہ وہ والد کے انتقال کی وجہ سے پریشان تھے اس لیے پی سی بی کو بکیز سے رابطہ کرنے کے حوالے سے نہ بتا سکے، تاہم انہوں نے کسی قسم کی فکسنگ کے الزام کو مسترد کر دیا تھا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد عرفان نے آئین کی آرٹیکل 2.2 اور 2.4 کی خلاف ورزی کی ہے، انھوں نے چاہے کسی قسم کی کوئی فکسنگ کی ہو یا نہ کی ہو لیکن بکیز سے رابطہ ہونے کے بعد انھیں پی سی بی کو آگاہ کرنا چاہیئے تھا۔مذکورہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر عرفان کو چارج شیٹ دے دی گئی اور ساتھ ہی انہیں 14 دن کے اندر جواب جمع کرانے کا کہا گیا۔۔یاد رہے کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے دوران منظرعام پر آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں اسلام آباد یونائٹڈ کے خالد لطیف اور شرجیل خان پہلے ہی معطل کیے جا چکے ہیں۔