Cloud Front
Aitzaz Ahsan

پاناما کیس میں نواز شریف کو سزا نہیں لیکن کلین چٹ بھی نہیں ملے گی، اعتزاز احسن

سپریم کورٹ کو چاہئے کہ پھر بیٹھے اور وزیراعظم سے ریکارڈ طلب کرے،پی پی رہنما
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بزنس کو وائٹ قرار دینے سے انارگی پھیلے گی، پانامہ کیس میں وزیراعظم کو اتنی آسانی سے سزا نہیں مل سکتی، لیکن کلین چٹ بھی نہیں ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کیا، اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کے فیصلے میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، وزیراعظم کے خاندان نے بیرون ملک بیش بہا اثاثے تسلیم کر لیے ہیں اور وزیراعظم کے خاندان نے ان تمام اثاثوں کے ثبوت بھی دینے ہیں،

انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو عدالت میں طلب کیا جانا چاہئے تھا مگر ان کو عدالت میں طلب نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کا تمام ریکارڈ طلب کیا گیا، دستاویزات طلب نہ کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ کے پاس بھی آپشن محدود ہے تبھی وزیراعظم نے اپنی صفائی میں ایک دستاویز بھی پیش نہیں کی، سپریم کورٹ کو چاہئے کہ پھر بیٹھے اور وزیراعظم سے ریکارڈ طلب کرے، انہوں نے مزید کہا کہ توقع کرتے ہیں کہ ماضی کی روایت سے ہٹ کر فیصلہ ہوگا، کیونکہ اس سطح پر پہنچ کر کمیشن بنانا معاملے کو طول دینے کے مترادف ہو گا۔